ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ٹھٹھہ کے نامناسب رویے، ملازمین کو ہراساں کرنے کیخلاف پاپولیشن آفس مکلی میں 15 ویں روز بھی ہڑتال جاری، آفس کی تالا بندی، انکوائری ٹیم کا صحافیوں کو مؤقف دینے سے انکار۔ محکمہ پاپولیش آفس مکلی کے ملازمین کی جانب سے جائز مسائل کے حل کے لیے ملازمین سے ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے سمیت ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ٹھٹھہ کی کرپشن کیخلاف 15ویں روز بھی ملازمین کا احتجاج اور آفس کی تالا بندی جاری رہی۔ اس موقع پر ملازمین رہنمائوں مہتاب حسین قریشی، الطاف جوکھیو، جمال جانوری، محمد خان جاکھرو اور دیگر کی جانب سے روز کیے جانے والے احتجاج پر پاپولیشن محکمہ سندھ کے سیکرٹری کی جانب سے نوٹس لیتے ہوئے پاپولیشن محکمہ سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر حیدر آباد ڈویژن غلام رسول میمن پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ ٹیم نے مکلی آفس پہنچ کر تمام ملازمین کے ساتھ اسٹاف کے بیان بھی قلمبند کیے جس کی رپورٹ سیکرٹری پاپولیشن سندھ کو پیش کی جائے گی۔ ملازمین نے شکایات کے انبار لگا دیے اور کرپشن کے بارے میں بھی ٹیم کو مطلع کیا اور ٹیم سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ٹھٹھہ کیخلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے اور ٹھٹھہ سے آفیسر کو ہٹایا کر کوئی ایماندار آفیسر مقرر کیا جائے جو ملازمین کے مسائل کو حل کرے۔ ٹیم نے ملازمین کو یقین دلایا کہ انکوائری صاف اور شفاف کی جائے گی، انکوائری ٹیم نے صحافیوں کو اپنا مؤقف دینے سے انکار کردیا۔