دادو، جی ایم کالونی کے رہائشیوں کا زمین پر قبضے کیخلاف دھرنا

206

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں یتیم خاتون کی زمین پر قبضہ کرکے جی ایم کالونی تشکیل دینے کے بعد فروخت کرنے والے غلام محمد جمالی، سی آئی اے انچارج افتخار جمالی اور آفتاب جمالی کیخلاف جی ایم کالونی کے رہائشیوں کا محمد شاہ روڈ بلاک کرکے دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر مظاہرین سہیل احمد ڈاوچ، خان خشک، محبوب کوریجو، جمیل لاشاری، شاہ جہان ڈاوچ اور دیگر نے کہا کہ 1988ء میں غلام محمد جمالی اس وقت کے ڈی سی اور تحصیلدار نے گٹھ جوڑ کرکے جھوٹی کالونی تشکیل دلوائی اور فروخت کرنے کی اجازت دی گئی، ہم غریب مزدور لوگوں نے پوری جمع پونجی لگا کر گھر بنایا اور 32 سال سے رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے لوگوں سے فراڈ کرکے قبضے کی زمین پر کالونی بنا کر فروخت کی ان کو کارروائی سے آزاد کیا گیا ہے، نوٹس صرف ہمیں دیے جارہے ہیں، ہمارے پاس تمام رجسٹریاں موجود ہیں اگر انتظامیہ نے کارروائی کرنی ہے تو زمین پر قبضہ کرنے والے اور فروخت والے زندہ ہیں، ان کو پکڑا جائے، ہمیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ ہم جی ایم کالونی کے رہائشی غریب لوگ ہیں، اگر ہمارے گھر مسمار کیے گئے تو کہاں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر کارروائی کرنے کے بجائے قبضے کی زمین پر پلاٹنگ کرکے فروخت کرنے والوں کو گرفت میں لاکر ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔