زرداری اور نواز کے جھنڈے لے کر پھرنے والے بھی غدار ہیں، امین گنڈا پور

192

اسکردو(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدرمملکت آصف زرداری کے حامیوں کو غدار قرار دے دیا۔گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آپ کے بچوں کا مال لوٹنے والے آپ کے درمیان آتے کیسے ہیں؟ جب تک انہیں گندے انڈے نہیں مارو گے یہ آپ کے لیے کچھ نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری قوم کا پیسا لوٹ کر کھرب پتی بنے، نواز شریف پیسے بھی لوٹ کر لے گئے اور فوج کے خلاف بھی بول رہے ہیں، جو ان کے جھنڈے لے کر پھر رہا ہے وہ بھی غدار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو ہماری قربانیوں کو بھارت کی دوستی میں رائیگاں کرے گا اسے بھارت بھیجیں گے، جو ہماری افواج اور اداروں کا دشمن ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے بارے میں کتابوں میں مسٹر ٹین پرسنٹ لکھا ہوا ہے، وہ ایک ڈاکو ہے، اْن کا ایک سنیما تھا، آپ کے ووٹوں سے وہ کھرب پتی بن گیا۔وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ نواز شریف کی بھی لاہور میں چھوٹی سی دکان تھی لوہار کی لیکن آپ کے ووٹ سے آج وہ امیر ترین آدمی بن گیا ہے۔