قانون کیخلاف کوئی اقدام برداشت نہیں کرینگے، چیف جسٹس بلوچستان

193

ہرنائی (اے پی پی) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ قانون کے بر خلاف کسی بھی نا انصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کی عملداری اور انصاف کے تقاضوں کو بہر صورت مقدم رکھا جائے گا، بلوچستان بھر میں انصاف اور قانون کے مطابق ہر فیصلے میں میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے بائی پاس روڈ پر ڈی سی کمپلیکس سے منسلک نو تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کرنے بعد اپنے خطاب میں کہیں۔ تقریب کے شرکا سے خطاب میں چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ہرنائی میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر ایک بڑا اور احسن اقدام ہے اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اس کمپلکس میں لوگوں کو انصاف کے حصول میں ایک چھت تلے سہولیات میسر آسکیں گی، جوڈیشل ادارے انصاف کی علامات کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ قبل ازیں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔تقریب میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ، جسٹس عبداللہ بلوچ، جسٹس حمید بلوچ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انسپکشن افتاب لون، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، ایڈیشنل سیشن جج عنایت اللہ کاکڑ، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس ملک شعیب سلطان، ایم پی اے لیلیٰ ترین و دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران، وکلاء برداری کے نمائندگان، سیاسی و مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔