عمران خان جھوٹوں کا عالمی مقابلہ آسانی سے جیت سکتے ہیں: سراج الحق

822

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔ اگر جھوٹوں کا عالمی مقابلہ ہوتو عمران خان بغیر کسی مقابلے ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔ عمران خان نے عوام کو دھوکہ دیا۔

بونیر میں مہنگائی کے خلاف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عمران خان جب وزیراعظم بنے تو کہا تھا کہ جس دن عوام میری حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئے اسی دن وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوکر گھر چلا جاؤں گا۔ آج عمران خان کی غریت کا امتحان ہے کہ وہ گھر جاتے ہیں یا ایک اور یوٹرن لے کر حکومت میں رہتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اپنے انٹیلی جنس اداروں سے معلوم کرلیں اور جلسے کی تصاویر بھی دیکھ لیں۔ آج عوام نے آپ پر عدم اعتماد کردیا ہے۔ آپ کو اب مستعفی ہو جانا چاہیے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حوالے سے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اپنا بیانیہ اور تحریک انصاف کا اپنا بیانیہ ہے لیکن جماعت اسلامی کا بیانیہ ایک ہی ہے کہ پاکستان میں اللہ کا نظام چلے گا۔ اللہ کے نظام کے علاوہ امریکا، انگریزوں، جاگیرداروں اور کرپٹ لوگوں کا نظام برداشت نہیں کریں گے۔

سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پرویز مشرف کے بگوڑوں و سابق وزرا نے پی ٹی آئی جماعت بنائی اور ملک پر قبضہ کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا ان کے پشت پر ہے۔ اس حکومت نے عوام کو گمراہ کیا۔ پی ٹی آئی نے عوام کی گردنوں کو مروڑا، خون نچوڑا، بچوں کو تعلیم سے محروم کیا، غریبوں کو علاج سے محروم کیا، 5 لاکھ کشمیری شہدا کے ساتھ غداری کی اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم کے دوست ڈونلڈ ٹرمپ تو چلے گئے اب عمران خان کی باری ہے۔ عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا، کشمیر کا 70 سالہ کیس تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس تقریروں کے لیے مواد بھی نہیں، عمران خان روز پوچھتے ہیں کہ عوام کو آج کیا کہنا ہے، مشیر بتاتے ہیں آج یہ وعدہ کرنا ہے، پھر عمران خان کہتے ہیں کہ یہ وعدہ تو میں نے کر دیا اب کوئی نیا بتاؤ۔ عمران خان کب تک لوگوں کو دھوکہ دیں گے، جن لوگوں نے آپ کو ووٹ دیا وہ بھی شرمندہ ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ بولا تھا کہ خیبر پختونخوا کا گورنر ہاؤس یونیورسٹی بنائیں گے۔ انہوں نے 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا وعدہ کیا اور ایک بھی گھر نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ ایک وعدہ بھی اس حکومت نے پورا نہیں کیا۔ اگر جھوٹوں کا عالمی مقابلہ ہو تو عمران خان بغیر کسی مقابلے کے جھوٹوں کا ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔