پشاور: امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ بلاتفریق احتساب ہو اور پارلیمنٹ میں موجود تمام کرپٹ لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ حکومت خود کو سدھار لے مگر اس کا اڑھائی سالہ دور ملک کی تاریخ کا بدترین وقت ثابت ہواہے،نوجوان اپنے بکھرتے خوابوں سے پریشان ہیں، ایسے لوگ مسلط ہیںجنہوں نے ہمارے نظریے،تہذیب اور شناخت کو تباہ کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلا می پاکستان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے پاس عوام کے لیے متبادل پروگرام ہے جس میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی کا کوئی تصور نہیں ہے ، مہنگائی اور بیر وز گاری کے خلاف بونیر میں ہونے والا جلسہ ملکی تاریخ کے بڑے عوامی جلسوں میں سے ایک ہوگا۔
سینٹر سراج الحق نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمران پارٹیوں میں کوئی فرق نہیں یہ ایک کلچر اور نظریے کے لوگ ہیں جبکہ جماعت اسلامی ایک فکری تحریک ہے،ہم پاکستان میں طاغوتی اور استحصالی نظام کی بجائے اسلام کے عادلانہ نظام کا قیام چاہتے ہیں،مغرب اور مغربی استعمار کے غلام ہمارے خاندانی نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔