ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے سینیٹر و آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمیٹی ڈسٹرکٹ سانگھڑ کے چیئرمین امام الدین شوقین نے پریس کلب میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ڈسٹرکٹ سانگھڑ میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ جب تک پولیس میں سیاسی مداخلت ہے حالات میں بہتری نہیں آسکتی۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر امام الدین شوقین نے کہا کہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں ہمارے بنائے گئے شہری اتحاد کے منتخب چیئرمین بلدیہ نے جو کیا اس کا حصہ میں نہیں۔ سینیٹر امام الدین شوقین نے صحافیوں کے حقوق کے لیے بات کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ملک کا چوتھا ستون ہیں، صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے جبکہ ٹنڈو آدم کے لیے مزید فنڈز لانے کی کوشش کروں گا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب وسیم فاروقی، جنرل سیکرٹری امداد راہی، عمرفاروق قریشی، منظور یوسفزئی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور سینیٹر امام الدین شوقین کو ٹنڈو آدم پریس کلب آمد پر اجرک بھی پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں ان کے ہمراہ انجمن تاجران کے صدر اقبال بھٹی، عبدالوہاب انصاری، عدنان انصاری، شاہد عباسی بھی موجود تھے۔