درخواست ضمانت میں ترمیم کی استدعا، زرداری کو استثنا حاصل

74

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے 8 ارب کے ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت میں ترمیم کیلیے دائر درخواست پر سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ جمعرات کو ضمانت کی درخواست میں طبی بنیادوں پر ترمیم کیلیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہم درخواست میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کیا ترمیم کرنا چاہتے ہیں؟ وکیل نے کہا کہ جب درخواست دائر کی تو اس وقت گراؤنڈ نہیں تھے، آصف زرداری اس وقت اسپتال میں ہیں، حاضری سے استثنا دیا جائے، عدالت نے ضمانت کی درخواست میں طبی بنیادوں پر ترمیم کیلیے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔