عمران حکومت میں ریاست ہی اپنے شہریوں کو قتل کررہی ہے، سراج الحق

153

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ اور جے آئی کسان بورڈ کے صدر چودھری شوکت چدھڑ ایڈووکیٹ نے پنجاب حکومت اور لاہور پولیس کی طرف سے کسانوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور کیمیکل ملے پانی کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ ریاست اپنے شہریوں کی ماں ہوتی ہے مگر موجودہ حکومت میں ریاست ہی اپنے شہریوں کو قتل کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس ناحق قتل کا مقدمہ کسانوں پر تشدد کرنے اور کیمیکل ملا پانی پھینکنے کا حکم دینے والے پر درج ہونا چاہیے ۔ سراج الحق نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت ، زخمی کسانوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور مرحوم کے پسماندگان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔