رکنِ قومی اسمبلی اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت

718

کراچی: پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان، سماجی کارکن اور رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اور ان کی دوسری موجودہ اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سماجی ویب سائٹ کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے آج ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ طوبیٰ کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ اُنہیں (عامر) اور اُن کی اہلیہ (طوبیٰ) کو کورونا کا شکار ہوئے آج دوسرا روز ہے اور ہم نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی نے تمام لوگوں سے دعائے صحت کی اپیل کرتے ہوئے قرآن پاک کی آیت بھی لکھی جو بیماری اور صحت سے متعلق ہے۔

معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے مزید لکھا ہے کہ وہ گھریلو نسخوں سے اس مرض کا علاج کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انہوں نے کچن میں استعمال ہونے والے چند مصالحوں کے نام لکھے جن میں ادرک، لہسن، کلونجی، کالی مرچ، لونگ، اسٹار میز اور دار چینی شامل ہیں جبکہ انہوں نے کہا یہ تمام چیزیں کورونا میں مددگار ثابت ہورہی ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز 12ربیع الاول کے حوالے سے معروف ٹی وی میزبان، سماجی کارکن اور رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کئی پروگرامز اور محفلوں میں شرکت بھی تھی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 875 جبکہ 6,893 مریض انتقال کرگئے اور فعال کیسز کی تعداد 15,317 ہوگئی ہے۔