لاڑکانہ ، بغیر این او سی پیٹرول پمپس کیخلاف کارروائی

115

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں بغیر این او سی پیٹرول پمپس کے خلاف نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارروائی، ہیوی مشینری سے کھڈے لگاکر گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ نیشنل ہائی وے مینٹینس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشارت علی منگی نے پولیس و نیشنل ہائی وے کی ٹیم کے ہمراہ رتودیرو روڈ پر قائم غیر قانونی 17 پیٹرول پمپوں پر چھاپے مارے اور کارروائی کرتے ہوئے پیٹرول پمپوں کی طرف جانے والے راستوں پر مشینری طلب کرکے کھڈے لگا دیے تاکہ آنے جانے والی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کی سپلائی بند ہوجائے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے کا کہنا تھا کہ بغیر این او سی پمپ سے تیل کی سپلائی بند رہے گی اور کسی بھی پمپ مالک نے بند کرنے کی کوشش کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے ان کو نوٹسز دیے گئے تھے جن پر پمپ مالکان نے اس پر عمل نہیں کیا پھر ان کو فائنل نوٹس بھی جاری کیے لیکن پمپ مالکان نے کوئی خاطر خواہ جواب نہ دیا اس لیے اب قانونی کارروائی کی گئی ہے۔