حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹرارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ جنرل ضیا الحق کے دور میں نواز شریف کو اسٹیبلشمنٹ نے جنم دیا، جنہوں نے پنجاب میں پہلی بار صوبائیت اور لسانیت کا نعرہ لگایا،ایاز صادق اچھا آدمی ہے اس نے خود کچھ نہیں کہا اس سے کہلوایا گیا ہے ، ن لیگی رہنما اپنے قائدنوازشریف کے ملک دشمن بیانیے کے خلاف آگے بڑھیں اور کوئی فیصلہ کریں تو سندھ بھی انکا ساتھ دے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حیدرآبادمیں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی عبدالرزاق راحموں، سابق رکن اسمبلی سیدجلال شاہ جاموٹ، سابق تحصیل ناظم خدابخش درس ودیگر بھی موجودتھے۔ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ باغی ہوجائوں اور نظریاتی بھی رہوں ۔ نواز شریف کی کہانی ضیا الحق سے شروع ہوئی، ضیاء الحق اور محمد خان جونیجو نے مسلم لیگ بنائی تھی، اس وقت نوازشریف کو تیار کرنے
کافیصلہ کیاگیا ،نوازشریف کی اسلم بیگ سے لے کر ہر آرمی چیف اور چیف جسٹس سے لڑائی ہوئی، سارے آرمی چیف تو غلط نہیں ہو سکتے ان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ نہ کسی کے پیچھے چل سکتے ہیں نہ اپنے پیچھے چلانے کی صلاحیت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایاز صادق اچھا آدمی ہے انہوںنے جو بات کہی وہ اس سے کہلوائی گئی۔ بے نظیر کی شہادت کے بعد پورے سندھ کو جلادیاگیا، دہشت گردی کی ابتداء وہاں سے ہوئی اوریہ دہشت تاحال چل رہی ہے۔ مہنگائی ضرور ہوئی ہوگی لیکن مہنگائی کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے۔
حیدرآباد: جی ڈی اے رہنما و سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم پریس کانفرنس کررہے ہیں