اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ محاذ پر درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی۔یہ بات انہوں نے ایتھوپیا کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر شوذب عباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے گزشتہ روزان سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے بطور سفیرتقرر پر شوذب عباس کو مبارکباد دی ۔ملاقات میںوزیر خارجہ نے سفیر کو معاشی سفارت کاری سمیت پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ایتھوپیا کے لیے نامزد سفیر شوذب عباس نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے باہمی امورکے شعبوں میں اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل، خوشگواراور دو طرفہ تعلقات کا مظہر ہے،کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹرٹیجک مذاکرات کے 5ویں اجلاس سے وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے ا سٹرٹیجک پلان پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اجلاس میںدونوں وزرائے خارجہ نے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔