پشاور جلسے میں کچھ ہوا تو مقدمہ وزیر اعظم پر ہوگا،عبدالغفور حیدری

182

اسلام آباد (آن لائن ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں وزیر اعظم سمیت وفاقی وزرا انتخابی مہم چلا رہے ہیں الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ،پی ڈی ایم کے پشاور میں ہونے والے جلسے کے دوران اگر دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہوا تو اس کی ایف آئی آر وزیر اعظم اور وزیر
اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف درج کی جائے گی ،سانحہ پشاور اور مولانا عادل کی شہادت کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ: گلگت بلتستان میں انتخابات ہونے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق حکومت کا کوئی بھی فرد انتخابات کے مقام پر نہیں جاسکتا ہے مگراس وقت وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر وزراء گلگت بلتستان میں الیکشن کمپین چلا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا اسٹیٹس پہلے سے حاصل ہے مگر حکومت نے لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے دوبارہ اعلان کیا ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ باقی پیکج کا اعلان بعد میں کریں گے۔