فرانس کے سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے، سینیٹر سراج الحق

904

  کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کاکہنا ہے کہ اسلامی ممالک کے اکثر حکمرانوں نے منافقانہ اور بزدلانہ روش اختیارکرکے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے،اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی غیرت کو جگانے کی ضرور ت ہے۔

جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کراچی کے تحت فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، ان خاکوں کو سرکاری عمارتوں پر لگانے اور فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین ِ رسالت ؐ کا ارتکاب کرنے کے خلاف نیو ایم اے جناح روڈ پر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے جن پر تحریر تھا غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے،حرمت رسول ؐ پر جان بھی قربان ہے۔

احتجاجی مظاہرے سے سینیٹر سراج الحق نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرانس کے سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے،تمام اسلامی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے،حکومت پاکستان او آئی سی کا اجلاس بلائے اور توہین رسالت ؐ کا قانون پاس کروایا جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ  آج کراچی کی خواتین نے تحفظ ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے جمع ہوکر نبی ؐ سے محبت کا ثبوت دیا ہے،نبی کریم ؐ سے محبت مسلمانوں کے لیے زندگی کا مرکز ہے، نبی کریم ؐسے محبت ایمان کا لازمی جزہے،مسلمانوں نے ہر دور میں نبی کی شان رسالت ؐ کی عزت اور حفاظت کی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے مزیدکہاکہ کراچی کے عوام نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کی خاطر قربانیاں دی ہیں،فلسطین کا مسئلہ ہو یا پھر روہنگیا کے مسلمانوں کا مسئلہ ہو کراچی کے عوام نے ہمیشہ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے،اہل کراچی نے ہمیشہ امت مسلمہ کو اپنا مسئلہ سمجھ کر عزیمت کا رستہ اختیار کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فرانس میں ابلیس کے پیروکاروں نے نبی پاک ؐکی شان میں ناپاک جسارت کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیاہے،مسلمانوں نے ہر بار شیطان کے ایجنٹوں کو بھرپور جواب دیا ہے،مسلمان ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء میں سے کسی ایک کی بھی توہین برداشت نہیں کرسکتا،پوری دنیا کے 2ارب مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور پیغام دے رہے ہیں کہ نبی ؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔