اسلاموفوبیا روکنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، شاہ محمود قریشی

119

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے، عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی سمیت مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،پاکستان نے ہمیشہ افغان قیادت میں، افغانوں کیلئے قابل قبول جامع مذاکرات کی حمایت کی ہے۔کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیر خارجہ نے پیر کو اپنے جرمن کے ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ،دو طرفہ تعلقات،کورونا عالمی وبائی صورتحال، افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا دوطرفہ تجارتی، اقتصادی تعاون کے فروغ اور خطے میں قیام امن کے لیے جاری کاوشوں کے حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا فن لینڈ کے اپنے ہم منصب پیکا ہاوسٹو سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کے لیے خلوص نیت کے ساتھ مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کے لیے انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے افغان قیادت کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔وزیر خارجہ نے، افغان رہنمائوں عبداللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار اور افغان اولسی جرگہ کے دورہ پاکستان اور ان سے ہونے والی مثبت بات چیت کے حوالے سے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔