پشاور تا افغانستان ’امن روڈ سائیکل ریس‘ کرائی جائے، فہمیدہ مرزا

331

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پشاور سے افغانستان تک امن روڈ ریس کا اہتمام کرے، جس سے خطے میں امن کا پیغام جائے گا، حکومت بھی محدود وسائل میں رہتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان اسپورٹس بورڈ میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل سائیکلنگ روڈ ریس چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ روڈ چمپئن شپ اسلام آباد سے مری تک منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان سمیت افغانستان کے 110 سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اسپورٹس صوبوں کے پاس چلی گئی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلیے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لایا جائے۔ سائیکلنگ کے مقابلوں کا
انعقاد گائوں گائوں اور تحصیل کی سطح پر ہونا چاہیے جس سے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں مل سکتی ہیں۔ مقابلے میں سوئی سدرن گیس کے رضوان نے پہلی، افغانستان کے فصیح اللہ اور بائیکستان کے حنزلہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔