اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر عبداللطیف آفریدی کہتے ہیں کہ جسٹس فائز عیسیٰ کو اْن کے فیصلوں کی سزا دی جارہی ہے۔پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عبداللطیف آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ بار کے صدر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد قومی احتساب بیورو(نیب) کیخلاف رِٹ دائر کریں گے یا پارلیمنٹ میں لابنگ کریں گے، سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو متنازع قرار دیے جانے کے بعد اس کاکیاجواز رہ جاتا ہے۔عبداللطیف آفریدی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نا تجربہ کار ہیں، وزیراعظم نے ہمیں کرکٹ کا ورلڈکپ تودلایا لیکن 2 ڈھائی سال میں ملک کے لیے کچھ نہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ججز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کام نہیں کرپارہا،ججز کی تعیناتی سے متعلق اصلاحات اور قانون سازی کی ضرورت ہے۔