ہر فورم پر کشمیریوں کیلیے آواز بلند کریں گے، اسد قیصر

166

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چودھری کی قومی اسمبلی کے اسپیکراسد قیصر سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان آزاد کشمیرکی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر میں آئندہ ہونے والے انتخابات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال
کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کر رہا ہے ہم اس کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائیں گے اور بھارتی کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں انھوں نے کشمیریوں کی آوازبھرپور اور موثرانداز میں انٹرنیشنل کمیونٹی تک پہنچائی ہے۔ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے دو نہیں تین فریق ہیں اور آئندہ جب بھی کشمیرپر مذاکرات ہونگے کشمیری اس میں شامل ہونگے۔ہم کشمیر ی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انکا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔