اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایاز صادق نہ چاہتے ہوئے بھی کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔اپنے بیان میں انہوں نیکہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے ان کی وضاحت کے بعد مزید وضاحت کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ انہوں ںے واضح کردیا کہ ٹھوس موقف کے ساتھ گفتگو اور چیز ہے جبکہ خوشامدانہ پالیسی اور چیز، میں نے کل بھی واضح کیا تھا کہ ایاز صادق کی گفتگو غیر ذمے دارانہ تھی، اس گفتگو کے بعد بھارت کا وہ ائرچیف جسے ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا اس نے بھی چوڑے ہو کر بیانات دیے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی ذمے داری کا مظاہرہ کیا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، پہلے ہم نے بھارت کو سبق سکھایا اور اس کے بعد تناؤ میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے اسے کہتے ہیں ’’دانشمندی‘‘، بدقسمتی سے اگر اندر سے ہی ایسی بولیاں بولی جائیں گی تو اس سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی جو انتہائی افسوس ناک ہے۔