الیکشن کمیشن نئے انتخابات کا اعلان کرے، فضل الرحمن

129

ملتان(خبر ایجنسیاں) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات منسوخ کرے اور نئے انتخابات کا اعلان کرے۔تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا ہر جلسہ دوسرے جلسے کا ریکارڈ توڑے گا، ہم مطمئن ہیں کہ تحریک کامیابی سے آگے بڑھے گی۔ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے، عوام نے حکومت سے بیزاری کا اظہار کیا ہے، ہم مطمئن ہیں کہ تحریک کامیابی سے آگے بڑھے گی، ہمارا ہر جلسہ دوسرے جلسے کا ریکارڈ توڑے گا۔ایک سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں اصولوں پر سودے بازی نہیں کرتا، سیاست میں مصلحتیں آتی رہتی ہیں، آپ غالبا کووڈ 19 کی بات کررہے ہیں، ہم تو کووڈ 18 سے نبرد آزما ہیں اور یہ جنگ جاری رہے گی، پاکستان میں حکومت نہیں، جو ہے وہ بیساکھی پر کھڑی ہے، ملکی حالات کس جانب جارہے ہیں سب دیکھ رہے ہیں، سی پیک کے مستقبل کو تباہ کر دیا گیا ہے، حکومت کو ادراک ہے لوگ انہیں نااہل سمجھتے ہیں۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت نے پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی ، صفدراعوان کی گرفتاری پی ڈی ایم کے خلاف سازش تھی، ملکی تاریخ میں پہلی بار پولیس افسران کا جارحانہ رد عمل سامنے آیا، ہم جلسے کرتے رہیں گے تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم نہ مذاکرات کرتے ہیں اور نہ مذاکرات کے حق میں ہیں، الیکشن کمیشن 2018 کے نتخابات کو منسوخ کرے اور نئے انتخابات کا اعلان کرے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کیلیے بھارت کے ایجنڈے کا بیان دیا جاتا ہے، کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا عمران خان نے پیش کیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت ختم کرکے اسے شامل کرلیا، گلگت بلتستان میں بھی اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا، گلگت بلتستان جموں و کشمیر کا حصہ ہے۔