لاہور (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اسلامی ممالک کے سربراہان سے بھی خود رابطہ کرنا چاہیے، دفتر خارجہ فعال کردار ادا کرے اور ناموس رسالت کے حوالے سے پاکستان اپنی میزبانی میں او آئی سی کا
اجلاس بلانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اس لیے ریاست پاکستان عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی کرے، وزیر اعظم کو اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطہ کرنا چاہیے اور دفترخارجہ بھی فعال کردار ادا کرے ۔ برادر اسلامی ممالک مل کر اس حساس ترین مسئلے پر آوازبلندکی جائے، اس سلسلہ میں او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور پاکستان اس کی میزبان کی پیشکش کرے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ معمول بن گیا ہے کہ جب دل چاہے عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے کا اقدام کر دیاجائے ، انتہا پسند اور دہشت گرد نبی کریم ﷺ کی ناموس پر حملے کرتے ہیں، مسلمانوں کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی اذیت کا معاملہ نہیں۔ عملی طور پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔