حکومت گلگت کے انتخابات چوری کرنے جارہی ہے، احسن اقبال

195

سانگھڑ(آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن چوری کرنے جارہی ہے ،اناڑی وزیراعظم نے معیشت کو کریش کرکے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،لاکھوں افراد بے روزگار پڑے ہیں ،عوام آج دو قت کی روٹی کیلیے ترس رہے ہیں ۔احسن اقبال بدھ کو ایک روزہ دورے پر
سانگھڑ پہنچے جہاں مسلم لیگ کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ان کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ پارٹی کی ازسر نو تنظیم سازی کے حوالے سے ہے ،کارکنوں کو پی ڈی ایم کی تحریک کے لیے متحد کرنا ہے آج پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ انتہائی سنگین ہیں ،2018ء تک پاکستان دنیا کی بہترین معیشت میں شامل تھا،سی پیک برق رفتاری کے ساتھ اپنی منزل کی جانب گامزن تھا،دہشت گردی کو مکمل شکست دی جاچکی تھی۔ ہمارے دور میں کشمیری کی عالمی سطح پر بھرپور نمائندگی حاصل کرچکا تھا ہمارے دور میں بجلی کا بحران ختم ،آٹا اور چینی کے نرخ کم تھے۔ موجودہ حکومت نے پاکستان معیشت کو تباہ کردیا ہے 2برس میں پاکستان کو تباہی کے کنارے تک پہنچا دیا گیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جس طرح گزشتہ انتخابات کو چوری کیا گیا اس طرح ایک بار پھر گلگت بلتستان کے انتخابات کو چوری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ،جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔