عدالت عظمیٰ: یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کیس سماعت کے لیے منظور

231

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کراچی میں کرپشن کا معاملہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نومبر میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ ضیا اللہ وارثی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کراچی میں اکاؤنٹنٹ تھا جس نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کرپشن کی، ملزم نے مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادارے کو مالی نقصان پہنچایا، مسعود عالم نیازی اس وقت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں جنرل منیجر تعینات تھا۔ وکیل منیر پراچہ نے کہا کہ جو چیک ضیا اللہ وارثی کو دیا گیا اس پر مسعود عالم نیازی کے دستخط نہیں تھے۔ عدالت عظمیٰ نے کیس سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت نومبر میں مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔