سراج الحق کا کشمیر ی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

141

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کے یوم سیاہ کی حمایت اور اظہار یکجہتی کرتے کہا ہے کہ بھارت نے73سال سے کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کررکھا ہے ۔ بھارت تمام تر ظلم و جبر اور فسطائیت کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔بھارتی قابض افواج کو کشمیر کے کونے کونے میں مزاحمت کا سامنا ہے ۔ کشمیریوں کی تیسری نسل بھارت کے خلاف برسرپیکار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آزادی کشمیر یوں کا مقدر ہے ۔بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے ،اسے ذلت کے ساتھ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے ۔بھارتی فوج کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں اور ٹارچر سیلوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنارہی ہے ۔ عالمی ادارے کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرخاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے عالم اسلام کو مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ 15ماہ سے لاک ڈائون ہے ،بھارتی فوج کورونا کو بھی کشمیریوں کے خلاف استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو بہت جلد کشمیر سے ذلت و رسوائی کے ساتھ نکلنا پڑے گا۔حکمران کشمیر کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔