سکھر ،گسٹا کی مطالبات کی عدم منظوری پر علامتی بھوک ہڑتال

247

سکھر(نمائندہ جسارت)گسٹا ضلع سکھر کے زیر اہتمام اساتذ ہ کے حقوق کیلیے ڈائریکٹر ایجوکیشن دفتر کے سامنے اساتذہ کی کثیر تعداد نے علامتی بھوک ہڑتال کر کے احتجاجی دھرنا دیا اور ڈی ای او سیکنڈری کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت گسٹا ضلع سکھر کے رہنما شہزاد علی عباسی ، گسٹا تعلقہ روہڑی کے صدر علی حسین جتوئی اور جنرل سیکرٹری نانک مل سپانی و دیگر کر رہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو جبری طور پر دوسرے شہر ٹرانسفر کیا جا رہا ہے جبکہ جبری ٹرانسفرپر محکمہ تعلیم اور حکومت سندھ کی جانب سے مکمل طور پر پابندی ہے لیکن افسوس ڈی ای او سیکنڈری گزشتہ دوسالوں سے اساتذہ کے حقوق ضبط کیے ہوئے اور الٹا آواز اٹھانے پر اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کر رہے ہیں جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور وزیر تعلیم سمیت حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گسٹا کے جائز مطالبات فی الفور تسلیم کرتے ہوئے ڈی ای او سیکنڈری سکھر کی زیادتی کا نوٹس لے کر انہیں فوری ہٹایا جائے بصورت دیگر کام چھوڑ احتجاجی سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔