اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) افغان صدر اشرف غنی کے سیاسی مشیر عمر دائود زئی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں اشرف غنی کی طرف سے کابل کے دورے کی دعوت دی ۔سینیٹر سراج الحق نے افغان صدر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد افغانستان کے دورے کی حامی بھرلی ہے ۔ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔آئندہ نسلوں کی خوشحالی کی خاطر افغانستان اور پاکستان کو مل کر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک پرامن افغانستان پاکستان کی ضرورت ہے ۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرکاری سے زیادہ عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت و اخوت اور بھائی چارے کے تعلقات کو مزید پروان چڑھایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ
یہ بات خوش آئند ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے حکمرانوں نے عہد کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔دوحہ مذاکرات میں تمام افغان جماعتوں اور گروپوں کی شرکت پر رضامندی بھی خوش آئند ہے جس سے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت پاکستان کو بھی مشور ہ دیا ہے کہ وہ کسی ایک افغان پارٹی کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور تعلقات کو فروغ دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے اور ان کی مہمانوں کی طرح خدمت کی ہے ۔اب بھی لاکھوں مہاجرین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اوران کے بچے تعلیمی اداروں میں پاکستانی بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں ان کی خدمت اور مہمان نوازی ہمارا فرض ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ان افغانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا اور انہیں شکست فاش سے دوچار کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان علاقائی امن کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کو یقینی بنانے کے لیے ابھی پاکستان اور افغانستان کو بہت چونکنے اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ،کچھ پڑوسی ممالک اب بھی نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ دنوں پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستان کے ویزے کے حصول کے دوران بھگدڑ مچنے سے درجنوں افغان شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور افغان حکومت اور شہدا کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔