حکومت چند ماہ کی مہمان ہے ، عمران خان نے نوجوانوں کو بے روز گار کردیا ، بلاول

82
کھرمنگ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری طولتی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے ہیں

 

گلگت (آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھی ہوئی حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے، یہ صرف انتخابی لڑائی نہیں بلکہ آپ کے مستقبل کا معاملہ ہے،عمران خان نے نوجوانوں کو بے روزگار کردیا، ہمیں گلگت بلتستان کو تحریک انصاف کی حکومت کی تبدیلی سے نہیں بلکہ تباہی سے بچانا ہے، آپ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، پورے پاکستان میں جمہوریت بحال کریں گے۔ گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے عوام سے کہا کہ آپ لوگوں نے تیر کے نشان پر مہر لگانا ہے کیونکہ یہ اقتدار کی لڑائی نہیں ہے بلکہ آپ کے مستقبل کا سوال ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو تمام حقوق دلوائیں گے ، پی پی نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں آٹے کا بحران ہے اور عمران خان اسٹیل ملز کو بند کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ
حکمران از خود تو فیصلے کرلیتے ہیں لیکن آپ کی بات نہیں سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ ہمیں جمہوری حقوق دیں۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ عمران خان روزگار کے ادارے بند کرانا چاہتے ہیں۔ ان کی پالیسی کی وجہ سے نوجوان بیروزگار ہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جو وعدہ کیا وہ جھوٹا نکلا اور ہر وعدے پر یو ٹرن لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو آپ کے تمام مسائل حل کروں گا۔