اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) سپریم کورٹ نے پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلیے آئندہ ہفتے 26 تا 30 اکتوبر کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 7 ریگولر بینچ مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد،جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا۔بینچ 2 میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔ بینچ 3 جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل ہوگا۔ بینچ 4 میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہوں گے۔بینچ5 جسٹس مقبول باقر اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل ہوگا۔بینچ 6 میں جسٹس منظور ملک،جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس قاضی امین شامل ہوں گے۔ بینچ 7 جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہوگا، جاری کر دہ کاز لسٹ کے مطابق سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست، لیگی رہنما دانیال عزیز کی دخواست اور سندھ کے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں گرفتار شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلیے نیب کی درخواست اور گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کیس میں دائر نظر ثانی اپیلوں پر سماعت 27 اکتوبر کو ہوگی۔ صحافی مطیع اللہ جان کیخلاف از خود نوٹس کیس اور جعلی بینک اکاونٹس کیس میں ملوث ملزمان ڈاکٹر ڈنشا اور جمیل بلوچ کی ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت 28 اکتوبرکو ہوگی۔