عمران خان فوج سمیت تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں،بلاول بھٹو

543

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا  ہے کہ عمران خان فوج سمیت تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں، لیکن ہمارے کارکن ایسا نہیں کرنے دیں گے،پی پی پی جمہوریت کی بحالی سے پیچھے ہٹی تھی اور نہ ہم پی ڈی ایم سے پیچھے ہٹیں گے۔

کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے سے بذریعہ  ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے نے  دکھا دیا کہ پی ڈی ایم ایک طرف ہے اور سلیکٹڈ اور اس کے ساتھی ایک طرف ہے،پی پی پی جمہوریت کی بحالی سے پیچھے ہٹی تھی اور نہ ہم پی ڈی ایم سے پیچھے ہٹیں گے، بڑی مشکل سے اس کی بنیاد اے پی سی میں رکھی گئی، ہم اگے بڑھنے والے ہیں لیکن پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں ہوں، آج ہم سب ایک اسٹیج پر ہیں اور اب باقیوں کو بھی عوام کے اسٹیج پر آنا پڑے گا ورنہ ان سب کو گھر جانا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے، گیس اور سونے کی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود قسمت میں بدحالی لکھی ہوئی،عوام عزت کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں، عوام غربت،  آزادی، بولنے اور سانس لینے کی  آزادی چاہتے ہیں، یہ کیسی  آزادی ہے جہاں سیاست، صحافت، عدالت اور عوام  آزاد نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  آمریت نے بلوچستان کو لاشیں دیں، مشرف نے اپنے شہریوں کو دوسروں کو بیچا، غداری کا سرٹیفکیٹ دینے والا اپنے شہریوں کو بیچ رہا تھا، اب مشرف بھگوڑا سرٹیفائیڈ غدار بن چکا ہے۔پرویز مشرف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے اکبر بگٹی کو شہید کیا، بینظیر بھٹو کو شہید کیا لیکن  آج تک اس سے کسی نے نہیں پوچھا۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان سی پیک کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتا ہے،عمران خان نہ صرف سی پیک کو ناکام بنانا چاہتا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی تباہ کر رہا ہے اور تاریخی مہنگائی دی ہے، غریب عوام کہاں جائیں گے، آج غریب عوام اس نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، یہ مارتے بھی ہیں اور رونے بھی نہیں دیتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں ایسی مثال ملتی ہے کہ ہر شہر سے عوام کو اغوا ہورہے ہیں، اس پر میڈیا بھی کچھ نہیں بول سکتا، نہ عدلیہ کچھ کرسکتی اور پارلیمان بھی کچھ نہیں کر پارہا، لاپتہ افراد کا مسئلہ ظلم ہے، اس ظلم کو ختم ہونا پڑے گا، عوام کو بنیادی حقوق دینا پڑےگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ظلم جاری رہا تو میرا نہیں خیال یہ ملک اس کو برداشت کر پائے گا، یہ کتنا بڑا مذاق ہے کہ وہی آدمی نیب کا سربراہ ہے جن کے نیب کے قید میں زیادہ لوگ فوت ہوچکے ہیں، کیا یہ آدمی لاپتہ افراد کے لیے کام کرے گا۔

چیئرمین نیب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس نے آصف زرداری کو اس کی بیٹیوں کو دکھ پہنچانے کے لیے گرفتار کرواتا ہے، یہ آدمی نواز شریف کو اس کی بیٹی کے سامنے گرفتار کرواتا ہے تاکہ ان کو دکھ پہنچے، عدلیہ نے نیب کو غیر آئینی ادارہ قرار دے دیا تو ہمیں کیسے لگے گا کہ جب وہی ادارہ وہی عدلیہ کہتا ہے کہ نیب میں مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سننا چاہیے، امید ہے اگر سپریم کورٹ ایسا حکم نیب کو دے سکتی ہے تو جلد ہی ہماری سپریم کورٹ روزانہ کی بنیاد پر لاپتہ کیس بھی سنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اے ایس ایف اور ایف سی کو بھی اپنی ٹائیگر فورس بنانا چاہتا ہے، یہ تو اپنی عدلیہ کو ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کررہا تھا، عمران خان فوج کو بھی ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کررہا تھا جبکہ یہ ادارے سب کے ادارے ہیں لیکن جب تک ہمارا دم ہے ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے کہ عوام ہمارا ساتھ دیں تاکہ پم پاکستان اور پاکستان کے اداروں کو بچا سکیں، آپ کے حقوق اور آزادی بحال کرسکیں، میں جانتا ہوں کہ پورا پاکستان ایک طرف اور کٹھ پتلی دوسری طرف ہے تو پھر دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ہم جلد ہی جمہوریت اور عوام کی آزادی بحال کردیں گے۔