جلال آباد قونصل خانے پرحادثے کا نوٹس لیاجائے، سراج الحق

128

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے افغانستان کے شہرجلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ویزا حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے ہجوم میں بھگدڑکے باعث 15افراد کے جاں بحق ہونے اور11 افراد کے زخمی ہونے کے حوالے سے توجہ مبذول کرانے کا نوٹس سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے۔توجہ مبذول کرانے کا نوٹس سینیٹ کے قواعد و ضوابط مجریہ 2012ء کے قاعدہ 64 کے تحت جمع کرایا گیا ہے۔توجہ مبذول کرانے کے نوٹس میں وزیر خارجہ کی توجہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہرفٹ بال اسٹیڈیم میں ویزا ٹوکن حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے ہجوم میں بھگدڑکے باعث 15افرادکے جاں بحق ہونے اور 11 افراد زخمی ہونے کی طرف کرائی گئی ہے جس میں مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بزرگ شہریوں کی ہے۔سینیٹ کے ایوان سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔