امریکی انتخابات‘ خفیہ اداروں کا روس اور ایران پر نیا الزام

387

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی خفیہ اداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ روس اور ایران نے انتخابی نظام پر اعتماد کم کرنے اور اور اس پر اثر انداز ہونے کے لیے رائے دہندگان کی معلومات حاصل کر لی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے اقدامات کا مقصد ووٹروں کو ڈرانا دھماکانا اور انتخابی نظام کے تناظر میں لوگوں میں بے اعتمادی پیدا کرنا ہے۔ امریکی خفیہ ادارے نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ جان ریٹکلف نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کی جانب سے امریکا کے انتخابی عمل میں مداخلت کی کوششیں جاری ہیں، جس کے ذریعے وہ انتشار برپا کرنے کے ساتھ امریکی جمہوریت پر عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کی منفی حرکتیں مایوس مخالفین کی جانب سے مایوس کوششیں ہیں، تاہم کسی بھی بیرونی ملک کے انتخابی عمل میں مداخلت کی کوششوں کا امریکا بھر پور جواب دے گا اور اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ علاوہ ازیں امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے کا کہنا ہے کہ امریکی رائے دہندگان کو اپنی ووٹ کی طاقت پر پورا یقین رکھنا چاہیے اور کسی بھی ایسے دعوے کو ہمیشہ شک کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے جس میں امریکی انتخابی نظام کو کم تر دکھانے کی کوشش کی گئی ہو۔