صدارتی انتخابات: امریکا کا روس اور ایران پر اہم معلومات چرانے کا الزام

436

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور روس نے امریکی انتخابات کو مداخلت کرنے کے لیے رائے دہندگان کی معلومات چرا لی ہیں۔

یہ دعویٰ امریکا کے اعلیٰ عسکری حکام کی جانب سے کیا گیا ہے۔ عسکری حکام نے ایران اور روس پر الزامات عائد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان ممالک نے امریکی رائے دہندگان کی تفصیلات چرا لی ہیں جو انتخابات میں مداخلت کرنے کی ایک کوشش ہے۔

امریکی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جان رٹکلف نے بدھ کو ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران اور روس نے رائے دہندگان کے اندراج کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔

انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جان رٹکلف کا کہنا ہے کہ “ایران کی جانب سے امریکی ووٹرز کو جعلی ای میل بھیج کر انہیں ڈرایا گیا اور ملک میں سماجی بے چینی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر نے ایک جعلی ای میل کا حوالہ دیا جو ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی گروہ کی جانب سے بھیجی گئی ہے۔

فلوریڈا اور دیگر کلیدی ریاستوں کے ووٹرز کو جعلی ای میلز موصول ہوئی ہیں۔

جعلی ای میلز میں ووٹر کو دھمکایا گیا ہے کہ “انتخاب والے دن صدر ٹرمپ کو ووٹ دیں ورنہ ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے”۔

ووٹر کو مزید کہا گیا ہے کہ “ووٹر اپنی سیاسی وابستگی ریپبلکن جماعت سے رکھیں اور ہمیں یقین دلائیں کہ آپ نے ہمارا پیغام اچھی طرح پڑھ لیا ہے۔ ہم آپ کو بتائیں گے کہ ریپبلکن جماعت کے کس نمائندہ کو ووٹ دینا ہے”۔

جعلی ای میل کے اختتامی جملے میں لکھا ہے کہ “اگر میں آپ کی جگہ ہوتا تو اس پیغام کو سنجیدہ لیتا”۔

جان رٹکلف نے بتایا کہ ایران کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جاری ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح اوورسیز امریکی جعلی طریقے سے ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس اور ایران امریکی ووٹرز کو غلط معلومات فراہم کر کے انہیں گمراہ کرنے، افراتفری پھیلانے اور انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

اعلیٰ عسکری حکام نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ کس طرح روس اور ایران نے ووٹرز کی معلومات باآسانی چرا لیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے امریکی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ نمائندے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران امریکی انتخابات اور ان کے نتائج میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

روس کی جانب سے اب تک کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔