اوکاڑہ(جسارت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھرنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے پاکستان کا قومی کھیل ہاکی منظرعام پردوبارہ ابھرے گا ساتھ ہی ہاکی کو عروج بھی حاصل ہوگا۔ ہاکی کے بہترین فروغ کیلیے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی کے فروغ کیلیے جار ی دورہ کے دوران اوکاڑہ پہنچ کر سینئیرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمدخالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ قومی کھیل کی پرموشن کے سلسلہ کی جانے والی حالیہ ملاقات میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے 5 کروڑ روپے دیے اور پانچ مختلف ہاکی گرائونڈز میں آسٹروٹرف لگانے کا یقین دلایا۔ خالد سجاد کھوکھرنے مزید بتایا کہ وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان نے بھی قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلیے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور منسٹری آف اسپورٹس سے میٹنگ کی اسکے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرا اعلی کو ہدایت کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے اکیڈمی بنائیں۔ اس سے قبل پنجاب ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری رائے عثمان کھرل نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر(ر)محمدخالدسجاد کھوکھر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ سید اسلم شاہ نے صحافیوں کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے دورے کا مقصد اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خالد سجاد کھوکھر ہاکی فیڈریشن پاکستان کے پہلے صدر ہیں جنھوں نے مختلف ڈویژنوں کا دورہ شروع کیا ہے جن میں سب سے پہلے لاہور ڈویژن، ساہیوال ڈویژن ساتھ پنجاب میں بہاولپور اور مختلف ڈویژن کے علاوہ سندھ میں سکھر، حیدرآباد اور کراچی میں جاکر ہاکی ایسوسی ایشز سے میٹنگز کریں گے اور ہاکی کے فروغ کے لیے مختلف ڈویژنوں میں کھلاڑیوں کے لیے ہاکیاں تقسیم کریں گے۔