ضلع ٹھٹھہ میں اتائی ڈاکٹروں نے ایک اور جان لے لی

148

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ضلع ٹھٹھہ میں اتائی ڈاکٹروں نے ایک اور جان لے لی، گوٹھ لال محمد پالاری کا ایک شخص غلط انجکشن کے ری ایکشن سے جاں بحق۔ ٹھٹھہ ضلع بھر میں اتائی ڈاکٹروں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں۔ مکلی ہیڈ کوارٹر کے علاقے ورکشاپ میں واقع اتائی ڈاکٹر سکندر ملاح کے کلینک پر ایک ہفتے قبل گوٹھ لال محمد پالاری کے رہائشی بشیر احمد پالاری کو بیماری کی حالت میں لایا گیا تھا، اتائی ڈاکٹر نے مریض کو غلط انجکشن لگا دیا تھا جس کے ری ایکشن سے اس کا پورا ہاتھ خراب، انجکشن کا اثر پورے جسم تک پہنچ گیا تھا اور مریض کی حالت بگڑ گئی تھی، جس کے باعث اس کی جان چلی گئی۔ ورثاء کے مطابق اتائی ڈاکٹر نے بشیر احمد پالاری کو غلط انجکشن لگایا تھا، جس کے باعث مریض کی ہلاکت ہوئی، ہم نے اتائی ڈاکٹر کو بتایا بھی کہ مریض کو ری ایکشن ہوگیا ہے مگر انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ دوسری طرف ٹھٹھہ کی سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے حکومت سندھ، ڈی ایچ او ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اتائی ڈاکٹروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے اور بشیر احمد پالاری کی ہلاکت کے ذمے دار اتائی ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے۔