کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماشا یونائیٹڈ نے 12ویں پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن فائنل راؤنڈ ڈپارٹمنٹل لیگ میں گوادر پورٹ اتھارٹی کو 0-3 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی۔اس میچ سے قبل گوادر پورٹ اتھارٹی کو2 فتوحات اور ایک ڈرا میچ کی بدولت گول کے فرق کی وجہ سے دوسرے نمبر پر موجود ماشا یونائیٹڈ پر برتری حاصل تھی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود تھی۔لیکن پیر کو کھیلے گئے میچ کی ابتدا میں ہی پورٹ قاسم اتھارٹی کو اس وقت دھچکا لگا جب میچ کی ابتدا میں ہی ان کے گول کیپر کو سرخ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔گوادر کے ساحلی شہر سے تعلق رکھنے والی ٹیم نے میچ میں ایک کھلاڑی کی خدمات حاصل نہ ہونے کے باوجود زیادہ سے زیادہ گیند کو پاس رکھنے اور جارحانہ کھیل کی کوشش کی۔البتہ ان کے لیے اس وقت مشکلات کھڑی ہو گئیں جب 31ویں منٹ احتشام رضا نے ماشا یونائیٹڈ کیلئے گول اسکور کردیا۔فرخ ضیا نے دوسرے ہاف عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو گوادر پورٹ کے خلاف 0-3 کی فتح سے ہمکنار کرادیا۔ فرخ ضیا نے 71ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے گول اسکور کیا جس کے بعد انہوں نے 88ویں منٹ میں بھی گیند کو گول کی راہ دکھا دی۔