سابق امریکی وزیر خزانہ اور عالمی ماہرِاقتصادیات لیری سمرز کاکہنا تھا کہ اگر امریکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان جیسے اقدامات کرتا تو کھربوں ڈالر بچالیتا۔
بین الاقوامی معاشیات کے رسالے کے مطابق پاکستان کی کورونا حکمت عملی پر عالمی سطح پر شاندار تعریف کی جارہی ہے جبکہ عالمی بینک کے سابق چیف اکانومسٹ و سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی اکنامک کونسل کے صدر لیری سمرز نے پاکستان کے کورونا اقدامات کو زبردست قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان کی طرح کے اقدامات کرتا تو 10 ٹرلین ڈالرز بچائے جا سکتے تھے۔
واضح رہے اس سے قبل عالمی ادارہ صحت، عالمی اقتصادی فورم اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹر نیشنل پالیسی سنٹر فار انکلوسیو گروتھ کی جانب سے بھی پاکستان کے کورونا وائر س کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کو دنیا کے لیے قابل تقلید قرار دیا جا چکاہے۔
دوسری جانب ایسے وقت میں جب خطے اور دنیا میں اکثر ممالک کو تنقید کا سامنا ہے پاکستان کی کورونا حکمت عملی کی تعریف اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر چیلیجز کو کامیابیوں میں بدل سکتے ہیں۔
خیال رہے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیس 4 کروڑ سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ یورپ میں کورونا وائرس کی صورتحال دیگر خطوں سے بدترین ہوگئی ہے۔