خیبرپختونخوا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا نیا چیمپئن بن گیا

127

ملتان (نمائندہ خصوصی ) فخر زمان اور شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ نے خیبرپختونخوا کونیشنل ٹی ٹونٹی کا نیا چیمپئن بنادیا ہے۔ ایونٹ کے فائنل میں 10 رنز سے شکست کھانے والی سدرن پنجاب کی ناقص فیلڈنگ نے چند قدم دور پڑی ٹرافی کو پہنچ سے دور کردیا۔دو سوسات رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز ہی بناسکی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کیابتدائی تین کھلاڑی محض 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد حسین طلعت نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔ انہوں نیخوشدل شاہ کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔میچ کے اختتامی اوورز میں محمد عمران نے 13 گیندوں پر 4 چھکے اور 2 چوکے لگا کر 38 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو خیبرپختونخوا کے اوپنرز فخر زمان اور محمد رضوان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان محمد رضوان 25 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹے مگر بائیں ہاتھ کے اوپنر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ جاری رکھا،انہوں نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔افتخار احمد ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ نے خیبرپختونخوا کی کمان سنبھال لی۔ دونوں بلے بازوں نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شعیب ملک نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور کی صرف 2 گیندوں کا سامنا کرنے والے مصدق احمد 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کے زاہد محمود، عامر یامین اورمحمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں دھواں دھار نصف سنچری اور باؤنڈری لائن پر حسین طلعت کا شاندار کیچ پکڑنے پر شعیب ملک کو مین آف دی فائنل کا ایوارڈ دیا گیا۔ایونٹ میں تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی گئی، جہاں چیمپئن ،خیبرپختونخوا کی ٹیم 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ چمچاتی ٹرافی کی حقدار ٹھہری۔سدرن پنجاب کو 25 لاکھ روپے اور رنرزاپ ٹرافی دی گئی۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، وکٹ کیپر، بیٹسمین اور باؤلر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ ایونٹ کے 12 میچوں میں 420 رنز بنانے والے فخر زمان کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو 10 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرنے پر ایونٹ کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔ 12میچوں میں 10 کیچز اور 2 اسٹمپس کرنے پر خیبرپختونخوا کے محمد رضوان کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔ایونٹ کی بہترین فیلڈنگ سائیڈ کا ایوارڈ بھی خیبرپختونخوا کے نام رہا۔