نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ریلوے پولیس کی بھاری نفری کا قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن۔ نوابشاہ ریلوے اسٹیشن کی حدود میں قائم قبضہ مافیا کیخلاف ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سکھر عبدالحسیب بھرگڑی کے حکم پر ماڈل تھانہ ریلوے کے SHO جاوید اختر نے ضلع پولیس کی مدد سے آپریشن کیا، جس کی نگرانی شاہ محمد مستوئی اور وجاہت ایاز کررہے تھے۔ اس دوران ریلوے اسٹاف و پولیس نے درجنوں جھونپڑیاں، تھلے، جھونپڑا ہوٹل، پتھارے و کیبن کا صفایا کر کے ریلوے کی کروڑوں روپے مالیت کی زمین سے قبضے ختم کروا کر زمین واگزار کرانے میں کامیاب ہوگئے۔ آپریشن کے دوران متعدد بار پولیس کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ تاہم موقع پر موجود ریلوے پولیس و افسران نے حکمت عملی کے تحت صورتحال پر قابو پائے رکھا۔ اس دوران افسران نے بتایا کہ آپریشن ہفتہ وار طور پر جاری رہے گا تاکہ دوبارہ کوئی قابض نہ ہوسکے، تاہم اگلے مرحلے میں ریلوے کوارٹرز میں موجود غیر متعلقہ رہائشوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔