پی ڈی ایم آج گوجرانوالہ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

748

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا جسلہ آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ پلان فائنل کرلیا۔

دوسری جانب جلسے کے موقع پر لاہور سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا ہے۔ پلان کے مطابق شریف میڈیکل سٹی روڈ کومل پلی تا اڈا پلاٹ تک عام ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق رنگ روڈ اڈا پلاٹ سے نیازی شہید چوک تک حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا جائے گا۔ جب کہ جی ٹی روڈ ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ سے امامیہ کالونی پھاٹک تک ریلی کے وقت عام ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹریٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن 180 ایچ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نمائندہ جسارت کے مطابق ن لیگ نے جلسے کی حکمت عملی طے کرلی ہے جب کہ حکومت کی جانب سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس پر مریم نواز کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں جاری رہیں تو حالات کے ذمے دار عمران خان ہوں گے۔