تعلیمی بورڈ سکھر: میٹرک سائنس و جنرل گروپ کے سالانہ نتائج کا اعلان

189

سکھر (نمائندہ جسارت)سکھرتعلیمی بورڈ نے دسویں جماعت کے سائنس اور جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق اس سال دسویں جماعت کے امتحانات میں تقریباً سو فیصد امیدواروں کو مختلف گریڈز میں پاس کردیا گیا ہے۔ سکھرتعلیمی بورڈ نے ناظم امتحانات عبدالسمیع سومرو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نتائج کا اعلان کورونا کے باعث حکومت کی جانب سے امتحانات کے حوالے سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق کیا جارہاہے جس کے تحت فیل ہونے والے امیدواروں کو بھی اضافی مارکس دے کر پاس کردیا گیا ہے۔ ناظم امتحانات کے جاری کردہ نتائج کے مطابق اس سال سائنس گروپ میں 54064 امیدواروں نے فارم بھرا تھا جس میں سے 4183 کو اے ون ،11305کو اے ،15688 کو بی ،15443کو سی ،7662 کو ڈی اور 774 کو ای گریڈ میں پاس کیا گیا ہے۔ اس طرح تمام گریڈزمیں 55055 امیدواروں کو پاس کیا گیا ہے جبکہ 9 کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روکے گئے ہیں سائنس گروپ میں امیدواروں کی کامیابی کا تناسب ننانوے اعشاریہ اٹھانوے فیصد رہا۔ اسی طرح جنرل گروپ میں اس سال 3129 امیدواروں نے فارم بھرے جن میں سے اے ون گریڈ میں کوئی امیدوار ہاس نہ ہوسکا جبکہ اے گریڈ میں 75،بی گریڈ میں 377،سی گریڈ میں 839،ڈی گریڈ میں 1242 اور ای گریڈ میں 489 امیدواروں کو پاس کردیا گیا ہے جبکہ 8 امیدواروں کے نتائج روک لیے گئے ہیں۔ اس طرح جنرل گروپ میں 3121 امیدواروں کو مختلف گریڈز میں پاس کیا گیا ہے اور امیدواروں کی کامیابی کا تناسب ننانوے اعشاریہ چوھتر فیصد رہاہے سائنس و جنرل گروپس میں اس سال فارم بھرنے والے 58193 امیدواروں میں سے 58176 امیدواروں کو پاس کیا گیا ہے اور صرف 17 کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روکے گئے ہیں تو اس طرح سکھر بورڈ کا دسویں جماعت کا نتیجہ بھی انٹر کی طرح سوفیصد رہا ہے۔