آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور

133

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق صدر پاکستان آصف زرداری وغیرہ کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث ملتوی کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران آصف زرداری
کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے علاوہ ارشد تبریز اور دیگر عدالت پیش ہوئے ۔عدالت نے عبدالغنی مجید سے استفسارکیاکہ آپ کے وکیل کہاں ہیں جس پر عبدالغنی مجیدنے کہاکہ وکیل ہڑتال پر ہیں عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا اور بعدازاں دوبارہ سماعت شروع ہونے پربار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے فاروق نائیک کو بھی باہر جانے کی درخواست کی جس پرفاروق نائیک کمرہ عدالت سے واپس باہر چلے گئے جبکہ معاون وکیل نیکیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی عدالت نے گواہان کو روسٹرم پر بلا لیااور کہاکہ آپ کو دوبارہ آئندہ سماعت پر پیش ہونا پڑے گا آپ کراچی سے آئے ہیں کیا آپ کو اپنے دفاتر آنے جانے کے اخراجات ادا کرتے ہیں؟جس پر گواہان نے کہاکہ جی ہمیں سفری اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی جبکہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت28 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔