عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلیے کردار ادا کرے، شاہ محمود

138

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کیلیے اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے گفتگومیں کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، کورونا وائرس کی وبا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور گہرے دوطرفہ تعلقات موجود ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور ہم اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے متمنی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کورونا کیخلاف پاکستان کی حکمت عملی اور افغانستان میں قیام امن کیلیے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔