سکھر، بے امنی کی لہر نے تاجروں اور شہریوں کو غیر محفوظ کردیا

69

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں بے امنی کی لہر نے تاجروں اور شہریوں کو غیر محفوظ بناکر رکھ دیا،ایک روز قبل لاہور کے ایک تاجر سے نیم کی چاڑی پر ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم چھین لی گئی دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر واردات کی فرار ہوگئے متعلقہ تھانے میں رپورٹ کے باجوود تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے شہریوں اور نوجوانوں کے موبائل فون بھی چوری ہورہے ہیں اور چھینے بھی جارہے ہیں، لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تاجر و شہری پریشان ہیں، آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے ایک بیان میں سخت اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر شہر میں چوری، ڈکیتی لوٹ مار اور چھینا جھپٹی کی وارداتیں روکی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس صرف چین کی بانسری بجارہی ہے، تاجر و شہری لٹ رہے ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ موٹر سائیکل سوار ملزمان شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں،، انہیں پکڑنے اور روکنے والا کوئی نہیں ہے، جن نوجوانوں اور شہریوں کے موبائل چوری کیے گئے، ملزمان فرار ہیں مگر پولیس انہیں پکڑنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر شہر میں بڑھتی ہوئی بے امنی پر قابو پایا جائے، مسروقہ موٹر سائیکلیں، رقم، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔