لاہور (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اورا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کی معیشت اور دفاع کے لیے بڑی اہمیت کا حامل اور سی پیک کا گیٹ وے ہے۔ان خیالات کاظہار انہوں نے نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات آزادانہ و شفاف ہوناچاہیے۔ملکی سلامتی، دفاع اور اقتصادی ترقی کے لیے اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔علاوہ ازیں چودھری شجاعت اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مولانا عادل خان کی شہادت پرمولانا حنیف جالندھری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دلی رنج و غم کا اظہار اور واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عادل دین کی ترویج و اشاعت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مسلم لیگی قائدین نے اپیل کی کہ حکومت سندھ مولانا عادل شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دے۔