پولیس افسران کے اثاثوں کی چھان بین کا فیصلہ

862

خفیہ اداروں کی مدد سے لاہور کے پولیس افسران کے اثاثوں کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے پولیس افسران کے ریکارڈ کے لیے خفیہ اداروں کو خط ارسال کردیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کے اثاثوں اور جائیداد کی تفیصلات فراہم کی جائیں۔ پولیس افسران کے کاروبار اور ذریعہ معاش کی معلومات بھی فراہم کی جائیں۔

ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس ملازمین سے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والے پولیس افسران کے خلاف محکمانہ تحقیقات ہوں گی، آئندہ کوئی بھی پولیس افسر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائے بغیر فیلڈ میں تعینات نہیں ہوگا۔

خط کے متن کے مطابق پہلے مرحلے میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنز کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تنخوا کے علاوہ دیگر کاروبار کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کی جائیں۔

سی سی پی او نے اسپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو کو مراسلہ جاری کردیا۔ جب کہ فیلڈ آفیسرز کی پوسٹنگ کے لیے اثاثوں کے ڈیکلیئریشن کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔