ڈیموں کی رائلٹی گلگت بلتستا ن کو دی جائے ‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر

504

چلاس(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائم مقام امیر نور الباری نے کہا ہے کہ دیامر ڈیم سمیت دیگر ڈیمز کی رائلٹی گلگت بلتستان کے عوام کو دی جائے ملازمتیں مقامی افراد کو دی جائیں ، یہاں کے عوام کوسیاسی ، جمہوری حقوق اوربیوروکریسی میں موقع دیا جائے ،جماعت اسلامی اول روز سے گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے،علما کا جماعت اسلامی میں شامل ہونا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلاس میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم،جماعت اسلامی سیاسی امور کے سربراہ مولانا عبدالسمیع،سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان اسماعیل شریعت یار،قاری اسماعیل،غلام اللہ سمیت دیگر رہنمائوں نے گفتگو کی۔ نورالباری نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے ،میگا پروجیکٹس یہاں شروع کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی اور جغرافیائی اعتبار سے گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک یہاں گلگت بلتستان کا اسٹیٹس تبدیل کیے بغیر انہیں صوبوں سے زیادہ حقوق دیے جائیںگلگت بلتستان کے سٹیٹس کی تبدیلی سے حکومت پاکستان کا عالمی سطح پر موقف کمزور ہوگا اور بھارت کے 5اگست کے اقدامات کو جواز ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے انتخاب میں اپنے امیدوار میدان میں اتار چکی جو بھرپور پارلیمانی نمائندگی حاصل کریں گے۔