حکمران پہلے خود وفاداری کا ثبوت دیں، سراج الحق

498

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہاکہ حکمران دوسروں کو غدار کہنے کی بجائے ملک سے اپنی محبت اور وفاداری کا ثبوت دے،موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کے ایک دوسرے کو غدار کہنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،سیاسی مخالفین پر غداری کے مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ غداری کو اتنا سستا نہ بنائیں،ماضی میں غداری کے الزامات کا نتیجہ سب نے دیکھ لیاہے،حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تو اس کا بڑا خطرناک نتیجہ نکلے گا،وزراکے زہر آلود بیانات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دو سال میں کوئی عوامی مسئلہ حل نہیں کر سکی،عوام کے دکھوں اور پریشانیوں میں اضافہ کرنے والی حکومت صرف باتیں کرنے اور بیانات دینے میں ماہر ہے، میڈیا پر پابندیاں اور عدلیہ کو قابو کرنے کی خواہش سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر حکمرانی کا حق صرف عوام کا ہے،پاکستانی عوام نے عظیم جدوجہد اور قربانیوں سے حاصل کیا تھا مگر آج ملک میں عوام کی سننے والا کوئی نہیں،عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں کا حل ڈھونڈنے کی بجائے مخالفین کو نیچا دکھانے اور غداری کے سر ٹیفکیٹ بانٹنے میں لگی ہوئی ہے،وزیر اور مشیر ہر روز ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے ملکی مسائل اور عوام کے دکھوں میں مزید اضافہ ہورہاہے ۔ وزراکے زہریلے بیانات اور گفتگو سے پورا نظام خطرے میں ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جمہوری آزادیوں پر قدغن لگانے سے نقصان ہمیشہ ملک کا ہوتاہے، حکمران آمرانہ سوچ اور فرعونیت چھوڑ کر جمہوری طرز عمل اختیار کریں اور قومی وحدت میں دراڑیں ڈالنے کی بجائے اتحاد و یکجہتی کے رویے کو فروغ دینے کی کوشش کریں ۔