لاڑکانہ ،مجبور باپ کی بیٹیوں کے علاج کیلیے مدد کی اپیل

171

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ شہر کے مرزان پور محلہ کے رہائشی شہزادو شیخ نے اپنی بیمار دو جوان بیٹیوں کے علاج میں مدد کے لیے بیمار بیٹیوں اور دیگر گھر والوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میری 18 سالہ بیٹی سونا جو پیٹ میں غدود اور پتھری کی بیماری جبکہ چھوٹی بیٹی 14 سالا صاحبہ جگر پر چربی کی بیماری میں مبتلا ہیں جن کے علاج کے لیے گھر کا تمام سامان بیچ چکا لیکن اس کے باوجود ان کی صحت میں بہتری نہ آسکی، سکھر کے ڈاکٹروں نے ان کے علاج پر 8 لاکھ روپے کا خرچ بتایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں آئی بی اے یونیورسٹی کیمپس کندھ کوٹ میں سوئپر ہو 40 روز اوور ٹائم ڈیوٹی کی جس کے پیسے مانگنے پر مجھے ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ اس وقت اتنے پیسے نہیں کہ بیمار بیٹیوں کا علاج کرواسکوں جبکہ علاج میں مدد کے لیے منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور رشتے داروں سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کی جن کی جانب سے میری کوئی مدد نہیں کی گئی ،مجبور ہوکر چنگ چی پر بیمار بیٹیوں کے علاج کے لیے چندہ مانگنے کے لیے نکلا ہوں۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ و مخیر حضرات سے اپیل کی کہ بیٹیوں کے علاج میں مدد کرکے ان کی زندگیاں بچائی جائیں۔