دینی مکاتب فکراور جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی خوش آئندہے ‘سراج الحق

231

لاہور(نمائندہ خصوصی)کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت پاکستان کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی نے گزشتہ روز مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان مولانا زاہد الراشدی اور مولانا قاری جمیل الرحمن اختر کے ہمراہ منصورہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق،نائب امیر لیاقت بلوچ اور رابطۃ المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالمالک سے ملاقات کی اور ان سے 18اکتوبر کو لاہور اور 12اکتوبر کو گجرانوالہ میں منعقد ہونے والی عظمت صحابہ کرام واہل بیت عظام ریلیوں کے انتظامات کے حوالے سے صلاح اور مشورہ کیا اورانہیں ان میں شرکت کی دعوت دی ۔ سراج الحق نے عظمت صحابہ کرام و اہل بیت عظام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے عنوان سے دینی مکاتب فکر اور جماعتوں کے درمیان اشتراک و مفاہمت کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دینی حلقوں کے درمیا ن ہم آہنگی اور یکجہتی میں اضافہ ملک میں دینی جد و جہد اور نظریاتی استحکام کے لیے بہت مفید اور ضروری ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحفظ ناموس صحابہ کرام و اہل بیت عظام کی جد و جہد میں ہم دینی جماعتوں کے ساتھ شریک ہیں اور ہر سطح پر مکمل تعاون کریں گے۔ مولانا عبدالمالک نے رابطۃ المدارس العربیہ کی طرف سے لاہو ر اور گجرانوالہ کی عوامی ریلیوں کی حمایت کی اور بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔ان رہنماؤں نے پارلیمنٹ سے وقف املاک کے بارے میںمنظور کیے جانے والے حالیہ بل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اسے ملک میںدینی تعلیم اور خطبہ و عبادت کے آزادانہ ماحول کو محدود اور کنٹرول کرنے کے سسٹم کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس رائے کا اظہار کیا کہ اس قانون کے بارے میں دینی جماعتوں کو مشترکہ مؤقف اور جدوجہد کا اہتمام کرنا ہوگا ۔مولانا عبدالرؤف فاروقی نے بتایا کہ مجلس عمل کی مرکزی رابطہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بدھ 7اکتوبر کوجامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں منعقد ہورہا ہے جس میں جد و جہد کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔